کپاس

کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام کاشت کی جائیں

ملتان .محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے پنجاب سیڈ کونسل کی طرف سے منظور شدہ اقسام کاشت کی جائیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کی بی ٹی اقسام کا انتخاب علاقے کی موزونیت، مقامی معلومات اور پچھلے سالوں کے تجربات کی روشنی میں کیا جائے۔ بی ٹی اقسام کے ساتھ کم از کم 10فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام کا بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوت مدافعت پیدا نہ ہوسکے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یکم مئی سے 31مئی تک کاشت کی صورت میں پودے سے پودے کا فاصلہ 6سے 9 انچ، کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ 2 فٹ 6 انچ اور فی ایکڑ پودوں کی تعداد 23 ہزار سے 35 ہزار تک رکھیں۔ ترجمان نے کہا کہ کمزور زمینوں میں 80 کلوگرام نائٹروجن، 34 کلوگرام فاسفورس اور 38 کلوگرام پوٹاش، درمیانی زمینوں میں 80 کلوگرام نائٹروجن، 27 کلوگرام فاسفورس اور 38 کلوگرام پوٹاش جبکہ زرخیز زمینوں میں 80 کلوگرام نائٹروجن 23 کلوگرام فاسفورس اور 38 کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں۔ مئی میں کاشتہ کپاس کی فصل میں نائٹروجن کا 1/4 حصہ بوائی کے وقت، 1/4 حصہ بوائی کے 30 سے 35 دن بعد، 1/4 حصہ ڈوڈیاں بنتے وقت اور بقیہ 1/4 حصہ ٹینڈے بنتے وقت استعمال کریں۔