زرعی خبریں, مزید باغبانی

کینولا کی بہتر کاشت کیلئے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی دینے کیلئے صوبہ بھر میں فیلڈ ڈیز کے انعقاد کااعلان

خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورااور کینولا کی زیادہ سے زیادہ کاشت سمیت کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی اور مکمل معلومات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں فیلڈ ڈیز کے انعقاد کااعلان کردیا گیا ہے جس میں مختلف تحقیقی اداروں کے سائنسدان اور محکمہ زراعت ، نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر ، پاکستان آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے حکام و ماہرین زراعت کاشتکاروں کو خصوصی لیکچر دیں گے اور انہیں زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کینولا کاشت کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے خوردنی تیل کی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ درآمدات پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایاجاسکے۔

سرکاری ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں کاشتکاروں کو کینولاکا انتہائی اعلیٰ معیار اور بہترین پیداواری صلاحیت کاحامل تصدیق شدہ و معیاری ہائبرڈ بیج سستے داموں فراہم کیا جائیگاتاکہ وہ بمپر کراپ حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔

انہوںنے بتایاکہ رواں ماہ ستمبر کے دوران کاشتکاروں کیلئے خصوصی و جامع آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہونے کا امکان ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اس وقت تک کینولا کا 22 ٹن بیج تیار کیاجاچکاہے جبکہ مزید بیج کی تیاری بھی جاری ہے۔