زرعی خبریں, کپاس

روئی کی قیمتوں میں کمی:مہنگے داموں خریدے گئے سودے غیرعلانیہ منسوخ

بعض ٹیکسٹائل ملز مالکان نے 9600روپے من خریدے سندھ اور پنجاب سے 12 ہزار گانٹھوں کے سودے منسوخ کئے
کراچی(این این آئی)روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کے باعث بعض ٹیکسٹائل ملز مالکان نے مہنگے داموں خریدی گئی روئی کی ہزاروں بیلز کے سودے غیر علانیہ طور پر منسوخ کر دئیے جس سے کاٹن جنرز کو کروڑوں روپے کا نقصان اورپھٹی کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ مندی کے باعث کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ حالیہ عام انتخابات کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی کے باعث درآمدی روئی سستی ہونے اور برآمدہونے والی کاٹن پراڈکٹس کے برآمدی رجحان میں متوقع کمی کے باعث صرف تین روز میں روئی کی قیمتوں میں ریکارڈ600روپے فی من مندی واقع ہونے سے اطلاعات کے مطابق بعض ٹیکسٹائل ملز مالکان نے سندھ اور پنجاب سے روئی کی تقریباً12ہزار بیلز کے ایسے سودے غیر علانیہ طور پر منسوخ کر دئیے ہیں جو9ہزار 300روپے فی من سے 9ہزار600روپے فی من میں خریدے گئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ ان سودوں کی منسوخی سے بعض کاٹن جنرز کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا جس سے پھٹی کی قیمتیں بھی غیر معمولی طور پر متاثر ہونے سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ آمدنی بھی کم ہونے کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چین کی جانب سے پاکستان کو دو بلین ڈالر کا قرضہ آسان شرائط پر دینے اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک(آئی ڈی بی) کی جانب سے پاکستان کو 4.50بلین ڈالر کی تین سالہ آئل فنانسنگ فیسیلٹی دینے کے فیصلے سے آئندہ چند روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر مزید کم ہونے سے روئی کی قیمتوں میں مزید مندی کا رجحان سامنے آ سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا حالیہ عام انتخابات کے بعد سے روئی کی قیمتیں 600روپے فی من مندی کے بعد9ہزار روپے فی من تک گر گئی ہیں۔ اور آج سے شروع ہونے والے نئے کاروباری ہفتے کے دوران ان میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے ۔

Send this to a friend