تجزيہ, گندم

گندم کو ذخیرہ کرنے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے گندم کو ذخیرہ کرنے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے

گندم کو سٹور کرنے کے لئے نئی بوریاں استعمال کی جائیں ۔محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان ہارون خان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ گندم کو ذخیرہ کرنے کے لیے پرانی بوریوں کو سفارش کردہ زہر کے محلول سے اچھی طرح سپرے کرنے کے بعد خشک کر کے گندم بھریں اور پھر گوداموں میں ذخیرہ کریں۔ گندم ذخیرہ کرنے سے قبل گوداموں کو اچھی طرح صاف کریں، گودام روشن اور ہوادار ہونے چاہئیں، سوراخ اور دراڑیں وغیرہ بند کر دیں تاکہ گزشتہ سال کے کیڑوں کے انڈے اور بچے تلف ہو جائیں۔ علاوہ ازیں محکمہ زراعت کے عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا سپرے کریں یا دھونی دیں۔ غلہ گوداموں میں رکھتے وقت اس میں نمی 10 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔ چوہوں اور ضرر رساں کیڑوں کے خلاف ایلومینیم فاسفائیڈ بحساب 30 سے 35 گولیاں فی ہزار مکعب فٹ استعمال کریں اور گودام بالکل ہوا بند ہونے چاہئیں، گودام تین تا چار دن بند رکھیں۔ اگر جنس کھلی پڑی ہوئی ہو تو اس کو پلاسٹک شیٹ سے اچھی طرح ہوا بند کر لیں۔ گوداموں کی سال میں دو مرتبہ ایک مرتبہ غلہ ذخیرہ کرتے وقت اور دوسری مرتبہ جولائی کے ماہ میں فیومیگیشن کریں۔