چاول

معیاری چاول حاصل کرنے کا مناسب طریقہ

محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ معیاری چاول حاصل کرنے کیلئے پھندائی کے فوراََ بعد مونجی کو مناسب طریقہ اور احتیاط سے خشک کرنا یعنی سکھانا بہت ضروری ہے ،کٹائی کے وقت مونجی میں نمی کا تناسب تقریباََ 20 سے22 فیصد تک ہوتا ہے جس کی وجہسے ذخیرہ کے دوران پھپھوندی لگ جانے سے چاول کا رنگ بدل سکتا ہے۔
عام طور پر مالکان محدود وقت میں زیادہ سے زیادہ مقدار میں نئی (گیلی) مونجی خریدتے ہیں اور فوراََ خشک کرنے کی غرض سے مونجی کو زیادہ درجہ حرارت پر سکھاتے ہیں جس سے دانوں میں چوڑی پڑجاتی ہے۔ کسی بھی حالت میں سکھائی کے عمل کے دوران چاول کا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے نہیں بڑھنا چاہیے جبکہ مناسب درجہ حرارت 40 سے43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
مونجی کو آہستہ اور وقفوں سے خشک کرنا چاہیے اور ایک وقفہ سے دوسرے وقفہ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے کم نہیں ہونا چاہیے۔ مونجی کو کم از کم 12 گھنٹوں کیلئے کھلا چھوڑ دینا چاہیے تاکہ چاول کے دانوں میں نمی کی مقدار یکساں ہوجائے۔ مونجی کی خریداری کے وقت نمی کا جائزہ لینا ضروری ہے اور مختلف نمی والی کھیپوں کو علیحدہ علیحدہ خشک کرنا چاہیے۔ اگر کم اور زیادہ نمی والی مونجی کو اکھٹا خشک کیا جائے گا تو مقابلتا پہلے سے کم نمی والے دانے بہت زیادہ خشک ہوجانے سے چوڑی پڑنے کی وجہ سے ٹوٹ جائیں گے۔