زرعی خبریں

سبزی منڈی وہیکل انٹری فیس میں تشویشناک حد تک کمی

یومیہ آمدن میں 2لاکھ روپے کی کمی ،قبضہ مافیا بھی بے لگام ،مارکیٹ کمیٹی بے بس

کراچی(بزنس رپورٹر)سپرہائی وے پر قائم سبزی و فروٹ منڈی میں وہیکل انٹری فیس کی مد میں آمدن میں تشویشناک حد تک کمی ہوگئی ہے جبکہ منڈی میں غیر قانونی تعمیرات،جعلی الاٹمنٹ اور قبضوں کا سلسلہ بھی عروج پر ہے ، دوسری جانب مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے بجائے بے بسی کا رونا رویا جارہا ہے ، تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی میں وہیکل انٹری فیس کی مد میں خورد بردتشویشناک سطح تک پہنچ گئی ہے اور ذرائع کے مطابق اس وقت وہیکل انٹری فیس کی مد میں یومیہ پونے دو سے دو لاکھ روپے آمدن ہورہی ہے جبکہ تاجروں کا کہنا ہے کہ سیب،کیلے ،انگور ،آملوک اور سبزیوں کے بھرپور سیزن کے باعث وہیکل انٹری فیس کی مد میں ان دنوں چار لاکھ روپے سے کم کی آمدن نہیں ہونی چاہیے ،تاہم مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے نیب زدہ افراد کو وہیکل انٹری فیس کی وصولی پر لگایا گیا ہے

جہاں یہ افراد بھرپور طریقے سے وہیکل انٹری فیس کی رقم میں گھپلے کررہے ہیں ،سبزی منڈی میں جعلی الاٹمنٹ ،غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کی من مانیاں بھی جاری ہیں جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ایسے عناصر کی نشاندہی اور کارروائی کے بجائے بے بسی کا رونا رویا جارہا ہے ،تاجروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی اگر اس قدر ہی بے بس ہے تو اپنے عہدوں سے مستثنیٰ کیوں نہیں ہوجاتی یا پھرصوبائی حکومت خود اس قدر بے بس اور بے اختیار مارکیٹ کمیٹی کو تحلیل کرکے نیب اور ایف آئی اے کو سبزی منڈی کے معاملات کی چھان بین کے احکاما ت جاری کرے ،نیب اور ایف آئی اے سے یہ تحقیقات بھی کرائی جائیں کہ آخر کس کے احکامات پرسبزی منڈی میں پارکنگ ایریا پر قبضہ کیا گیا۔