زرعی خبریں

تیکسٹائل سیکٹر کو ویلیو ایڈ یشن کی جانب توجہ دینے کی ضرورت

مینوفیکچررز کو ہوم ٹیکسٹائل سے گارمنٹس کی جانب آنا ہوگا،کمرشل قونصلرخواجہ خرم ہینڈی کرافٹس کے معیار کو عالمی ایونٹ میں ڈسپلے کے قابل بنانا ہوگا

فرینکفرٹ: یورپ میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے اور پاکستانی ٹیکسٹائل مینوفیکچررز کو ہوم ٹیکسٹائل سے گارمنٹس کی جانب آنا ہوگا، یہ بات فرینکفرٹ میں پاکستانی کمرشل قونصلرخواجہ خرم نعیم نے روزنامہ دنیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، خواجہ خرم نعیم کا کہنا تھا کہ فرینکفرٹ میں ہر سال منعقدہ ہونے والی ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے ، اس نمائش میں ہماراشیئر اب بھی بھارت اور بنگلہ دیش سے کہیں کم ہے ،ہمیں ہوم ٹیکسٹائل کے ساتھ ہوم ڈیکوریشن، ہینڈی کرافٹس اور گارمنٹس کے شعبے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، بھارت اس وقت امبیانئے نمائش میں بطور پارٹنر شرکت کررہا ہے ،ہمیں بھی پاکستان میں تیار ہونے والی ہینڈی کرافٹس کے معیار کو بہتر بنانے اور انہیں عالمی نمائشوں میں ڈسپلے کے قابل بنانا ہوگا، اس ضمن میں سمیڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں، کمرشل قونصلر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو گارمنٹس کے شعبے میں برانڈسازی کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں حکومت کے ساتھ ٹیکسٹائل سیکٹر کو بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔