آم

جاپان نے پاکستانی آم کی پراسیسنگ کیلئے شانداراعلان کردیا

جاپان نے پاکستانی آم کی پراسیسنگ کیلئے کراچی پورٹ پر دنیا کا جدید ترین پلانٹ لگانے پر آمادگی ظاہر کر دی

جاپان نے پاکستانی آم کی پراسیسنگ کیلئے کراچی پورٹ پر دنیا کا جدید ترین پلانٹ لگانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جہاں کروڑوں روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ نصب کیاجائیگا جس کیلئے مناسب جگہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور جگہ ملتے ہی پلانٹ کی تنصیب ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی جائے گی تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کی آم کی برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ جاپان کو بھی زیادہ سے زیادہ پاکستانی آم برآمد کیاجاسکے۔مینگو گروئرز اینڈ ایکسپورٹرز ا یسو سی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جاپانی سفیرنے کہا کہ وہ پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ پاکستانی تاجروں کو جاپانی منڈیوں تک رسائی کیلئے تمام تر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستانی آم کی تعریف کی اور کہا کہ جاپانی منڈیوں میں اس پھل کی بہت طلب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاپان میں پاکستان کے خشک پھلوں کی بھی کافی مانگ ہے اور اس وقت جائیکا کے تعاون سے خشک خوبانی کی برآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دوسرے پھلوں کے علاوہ سبزیوں کی برآمدات کیلئے بھی اقدامات کی ضرورت ہے اور جاپان کی کئی تجارتی فرموں نے لاہور اور کراچی میں اپنے دفاتر بھی قائم کئے ہیں۔ اس موقع پرایسوسی ایشن کے عہدیداران نے جاپان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے بارے میں اعدادوشمارکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جاپان نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے ملکوں میں جاپان بھی ساتویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے جاپان کی طرف سے فیصل آباد میں فراہمی آب اور صحت کے شعبہ میں امداد پر جاپانی حکومت اور جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔