آب پاشی, زرعی خبریں

پانی کی کمی ،آباد کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل

آبادکے وفد سے ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ نے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی طارق روڈ میں تجاوزات اور پارکنگ ایریاز سے مافیاکا قبضہ ختم کرنے کا بھی حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن سے آباداورطارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے علیحدہ علیحد ہ ملاقاتیں کیں ، ملاقات کے دوران آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ واٹر بورڈ نئی عمارتوں کو پانی مہیا کرنے کیلئے اجاز ت نامہ (این او سی) نہیں دے رہاجس پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ پانی دستیاب نہیں جس کے باعث نئی این او سی نہیں دے سکتے‘ نگران وزیراعلیٰ نے واٹر بورڈ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت این او سی نہیں دی جارہی اسکی تشریح کرائیں،اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دونوں فریقین کے مابین مسائل کے حل کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی،علاوہ ازیں طارق روڈ ٹریڈرز کے صدر اسلم بھٹی نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ طارق روڈ پر ٹریفک کا مسئلہ نہایت گھمبیر ہوتا جارہا ہے جس پر نگران وزیراعلی نے طارق روڈ سے تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ ایریاز کو قبضہ مافیا سے کلیئر کرانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے علاوہ چارج پارکنگ کے حوالے سے ہنگامی بنیاد پر اقدامات یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایم سی ایسٹ کو ہدایات جاری کردیں۔