مزید فصلیں

پالک کی بہتر پیداوار کیلئے پودوں کی چھدرائی میں تاخیر نہ کریں

پٹڑیوں پرکاشت کی ہوئی فصل کیلئے پانی کاوقفہ 6سے 8دن اور ڈرل سے کاشت کی ہوئی فصل کا وقفہ 10سی12دن رکھیں

محکمہ زراعت نے پالک کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار پٹڑیوں پرکاشت کی ہوئی فصل کیلئے پانی کاوقفہ 6سے 8دن اور ڈرل سے کاشت کی ہوئی فصل کا وقفہ 10سی12دن رکھیں نیز جب پودے تین تین پتے نکال لیں تو اس کے گچھے اکھاڑ دینے چاہئیں کیونکہ ایک جگہ زیادہ تعداد میں اگے ہوئے پودوں کی بڑھوتری متاثرہ اور پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ بہتر پیداوار کیلئے پودوں کی چھدرائی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ دیر سے اکھاڑے جانے پر بچائے جانے والے پودے بھی متاثر ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار بیجائی کے ایک ماہ بعد فصل کی گوڈی کر کے جڑی بوٹیوں کو تلف کردیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ فصل کی ہر کٹائی کے بعد ایک بوری یوریا فی ایکڑ ڈالنے سے بعد والی کٹائی جلد تیار ہو جاتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔